بانی کے بچے والد سے ملنے پاکستان آئیں گے:علیمہ خان کی جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو
راولپنڈی(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے بانی کے بچے والد سے ملنے پاکستان آئیں گے۔بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میری بہنوں نورین نیازی اور عظمی خان کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، پہلے 6،6 لوگوں کو ملاقات دی جاتی تھی لیکن پھر دو بہنوں پر لے آئے اور آج انہوں نے ساری بہنوں کی ملاقات بند کر دی ہے۔علیمہ خان نے کہا کہ آج بشری بی بی اور بانی پی ٹی آئی کی ملاقات ہوئی ہے، انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے عدالتوں سے پہلے بلے کا نشان چھینا گیا اب مخصوص نشستیں چھینی گئیں اور وہ عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا ہے پاکستان کے معاشی حالات آج جتنے خراب ہیں اتنے کبھی نہیں تھے، یہ ڈاکو ڈفر الائنس ہوچکا ہے، اسی قسم کا الائنس نائجیریا میں ہے، پاکستان میں الیٹ کلاس وسائل چوری کررہے ہیں۔بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے اس الائنس نے معیشت کا بیڑا غرق کیا ہے، عوام کو اب کھڑا ہونا ہوگا، ملک میں جھوٹی گواہیوں پر سزائیں دی جارہی ہیں، جھوٹی گواہیوں پر اب دیکھنا لاہور کا جج کیا فیصلہ دیتا ہے۔علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے قانون کی بالادستی کے لیے اب تحریک چلانا پڑے گی اور پارٹی کو ہدایت کی ہے سارے یکجا ہوکر تحریک پر فوکس کریں، تحریک کا اعلان اس لیے کیا ہے کیوں کہ سارے راستے بند ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک کے بارے میں پارٹی فیصلہ کرے گی، بانی کے بچے پاکستان آئیں گے ان کے پاس نائیکوپ ہے وہ اپنے والد سے ملنے آئیں گے۔