دھاندلی کیخلاف تحریک نہ چلانا، سیاسی اتحاد نہ بنانا پی ٹی آئی کی بڑی غلطیاں: فواد چودھری

بانی پی ٹی آئی اسٹیبلشمٹ سے لڑائی نہیں چاہتے، اللہ کرے نیا سال پاکستان کیلئے بہتر ہو،سابق وفاقی وزیر
 اسلام آباد(آئی این پی )سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ 9فروری کو دھاندلی کیخلاف تحریک نہ چلانا اور سیاسی اتحاد نہ بنانا پی ٹی آئی کی بڑی غلطیاں تھیں۔ایک انٹرویو کے دوران فواد چودھری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت مقبول لیڈر ہیں، بانی سے ٹرائل کے دوران تین ملاقاتیں ہوئی ہیں، سوشل میڈیا پر منفی مہم نہیں چلانی چاہیے، یوٹیوبر بانی پی ٹی آئی کو قربانی کا بکرا بنا کر پیسے بنا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان دس بارکہہ چکے ہیں یہ ملک اورفوج بھی میری ہے، بانی پی ٹی آئی اسٹیبلشمٹ سے لڑائی نہیں چاہتے۔ان کا کہنا تھا کہ اللہ کرے نیا سال پاکستان کیلئے بہتر ہو تاہم مجھے نہیں لگ رہا کہ ملک کی صورتحال کوئی بہتر ہو گی۔