مضبوط، عوام دوست پولیس داخلی سلامتی اور قانون کی بالادستی کیلئے ناگزیر ہے فیلڈ مارشل

 قانون نافذ کرنا مقدس امانت  ہے‘ مسلح افواج ہمیشہ بہادر  پولیس  اہلکاروں کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پولیس اکیڈمی کے   افسروں سے ملاقات  میں گفتگو
راولپنڈی(آئی این پی)آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے قانون نافذ کرنا مقدس امانت ہے، مسلح افواج ہمیشہ بہادر اور وقار پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے پولیس اکیڈمی کے افسران سے بھی ملاقات کی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلاق چودھری بھی موجود تھے، نیشنل پولیس اکیڈمی کمانڈنٹ نے فیلڈ مارشل کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔فیلڈ مارشل نے پہنچنے پر اکیڈمی کے کمانڈنٹ کی جانب سے گرم جوشی سے استقبال کیا اور پولیس دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، انہوں نے پولیس مارٹرز مونو منٹ پر پھول چڑھائے اور شہدا کیلئے فاتحہ خوانی کی، ان پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا جو امن قائم رکھنے، قانون کی بالادستی یقینی بنانے اور عوام کی حفاظت میں اپنی جانیں قربان کر چکے ہیں، فیلڈ مارشل نے دہشتگردی، جرائم اور داخلی سلامتی کے چیلنجز کے دوران پولیس کی قربانیوں کو سراہا۔دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو سکول برائے ہائی امپیکٹ ایلیٹ لا اینفورسمنٹ ڈیولپمنٹ (شیلڈ)  اور پولیس کی استعداد بڑھانے اور جدید بنانے کے پروگرامز سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے کیڈٹ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (اے ایس پی ایس)سے ملاقات کی اور پولیس کو شہریوں کی جان، مال اور عزت کے تحفظ میں پہلی دفاعی لائن قرار دیا۔فیلڈ مارشل نے آئی جی پولیس، ایڈیشنل آئی جی اور دیگر سینئر پولیس افسران سے خطاب میں بین الآرگنائزیشن تعاون، جدید پولیسنگ کے طریقہ کار اور عوام کے اعتماد کو بڑھانے پر زور دیا۔