خیبر میں شدید برف باری کے بعد قدرتی حسن کے دلکش مناظر

خیبر میں شدید برف باری کے بعد قدرتی حسن کے دلکش مناظر

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید برف باری کے بعد قدرتی حسن نے دلکش منظر پیش کیے ہیں، جنہیں دیکھنے کے لیے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

 وادی تیراہ اور چترال سمیت دیگر مقامات پر برف باری کے باعث ہر طرف برف کی سفید چادر بچھ گئی ہے، جس نے علاقے کی خوبصورتی کو مزید بڑھا دیا ہے۔

وادی تیراہ:

وادی تیراہ میں برف باری کے بعد درختوں، گھروں، اور پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے، جبکہ موسم کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق شدید برف باری کی وجہ سے لنک روڈ بند ہونے سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے اور سردی بڑھنے سے روز مرہ کے معمولات متاثر ہو رہے ہیں۔

چترال:

چترال شہر اور مضافات میں بھی برف باری نے علاقہ کو سفید چادر سے ڈھانپ لیا ہے۔ لوئر چترال کے کالاش ویلیز، گرم چشمہ، شیشی کوہ، گولین میں 6 سے 8 انچ تک برف پڑی ہے، جبکہ چترال شہر میں 4 انچ اور آیون میں 2 انچ برف پڑ چکی ہے۔ لواری ٹنل ایریا میں بھی مسلسل برف باری ہو رہی ہے، جہاں اب تک ایک فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔چترال اور مضافات میں برف باری کے باعث لواری ٹنل روڈ کی صفائی کا کام جاری ہے اور پشاور و اسلام آباد کی مسافر گاڑیاں آج صبح چترال پہنچیں۔

بالائی چترال میں برف باری کی شدت:

بالائی چترال کے یارخون، کھوت، ریچ، تریچ، پھستی جیسے علاقوں میں شدید برف باری ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں چترال اپر اور لوئر کے اندرونی راستوں میں آمدورفت متاثر ہو رہی ہے۔ سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے اور لوگ گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ سردی کی وجہ سے جلانے کی لکڑی کی قیمت میں اضافے کا سامنا ہے، اور فروخت کنندگان منہ مانگی قیمت وصول کر رہے ہیں۔

موسم کا حال:

خیبر پختونخوا کے بالائی اور میدانی علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ رات پشاور میں ہلکی بارش ہوئی، جس سے خشک سردی میں کمی آئی ہے۔ آئندہ ہفتے سے موسم سرما کی بارشوں اور پہاڑوں پر برف پڑنے کے امکانات ہیں۔