راولپنڈی: گل پلازا آگ کے بعد کمرشل اور ملٹی اسٹوری عمارتوں کا بلڈنگ سیفٹی سروے شروع

راولپنڈی: گل پلازا آگ کے بعد کمرشل اور ملٹی اسٹوری عمارتوں کا بلڈنگ سیفٹی سروے شروع

راولپنڈی: کراچی میں گل پلازا کی ہولناک آتشزدگی کے بعد راولپنڈی میں بلڈنگ سیفٹی سروے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) نے شہر اور کینٹ کی کمرشل اور ملٹی اسٹوری بلڈنگز کا چار دن میں سروے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر 166 عمارتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ کی زیر صدارت ایک اجلاس میں شہر کی کمرشل عمارتوں کی حفاظتی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں دو خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، جن کی نگرانی ڈائریکٹر لینڈ یوز اور بلڈنگ کنٹرول کریں گے۔سروے کے دوران یہ تصدیق کی جائے گی کہ عمارتوں میں فائر فائٹنگ سسٹم، ہنگامی اخراج کے راستے اور دیگر حفاظتی انتظامات موجود ہیں یا نہیں۔ آر ڈی اے ذرائع کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ، ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن کی حدود میں بھی بلڈنگ سیفٹی سروے کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی شہر اور کینٹ کی اکثر ملٹی اسٹوری اور کمرشل بلڈنگز میں بنیادی حفاظتی انتظامات تک موجود نہیں، جس کے باعث یہ عمارتیں کسی بھی وقت بڑے حادثات کی زد میں آ سکتی ہیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بلڈنگ سیفٹی میں فائر سسٹم اور ہنگامی اخراج کے مؤثر انتظامات انتہائی ضروری ہیں۔واضح رہے کہ 2008 میں گکھڑ پلازا میں آتشزدگی کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق ہوئے تھے، تاہم اس کے بعد بھی بلڈنگ سیفٹی پر مؤثر عملدرآمد نہ ہو سکا۔ حالیہ واقعات کے پیش نظر، راولپنڈی شہر اور کینٹ کی کمرشل عمارتوں میں سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے سخت احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔