’ٹوائے اسٹوری 5‘ نے عالمی باکس آفس پر ایک ارب ڈالر کا سنگ میل عبور کر لیا

’ٹوائے اسٹوری 5‘ نے عالمی باکس آفس پر ایک ارب ڈالر کا سنگ میل عبور کر لیا

ڈزنی اور پکسر کی مقبول اینیمیٹڈ فلم ’ٹوائے اسٹوری 5‘ نے عالمی باکس آفس پر ایک ارب ڈالر کا سنگ میل عبور کر لیا، جس کے بعد یہ 2026 کی اب تک سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہالی ووڈ فلم بن گئی ہے۔

فلم نے سینما گھروں میں ریلیز کے تقریباً ایک ماہ بعد یہ کامیابی حاصل کی، جبکہ مضبوط بین الاقوامی بزنس اور شائقین کی بھرپور دلچسپی نے اس کی کمائی میں مسلسل اضافہ کیا۔ ’ٹوائے اسٹوری 5‘ اپنی فرنچائز کی تاریخ کا سب سے بڑا اوپننگ ویک اینڈ بھی ریکارڈ کر چکی ہے۔فلم کی ہدایت کاری اینڈریو اسٹینٹن نے کی ہے، جبکہ ٹام ہینکس نے ووڈی اور ٹم ایلن نے بز لائٹ ایئر کے کردار کو ایک بار پھر اپنی آواز دی ہے۔اس بار فلم کی کہانی بچوں کے ٹیکنالوجی پر بڑھتے انحصار کے گرد گھومتی ہے، جہاں کھلونوں کو ’لیلی پیڈ‘ نامی ایک ٹیبلٹ کا مقابلہ کرتے ہوئے یہ ثابت کرنا ہوتا ہے کہ جدید دور میں بھی روایتی کھیل کی اہمیت برقرار ہے۔یہ کامیابی پکسر کے لیے ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسٹوڈیو حال ہی میں ملازمتوں میں کمی کے مرحلے سے گزرا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق فلم کی عالمی کمائی میں آنے والے ہفتوں کے دوران مزید اضافہ متوقع ہے۔