ایل ڈی اے کی غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف کارروائی، 142 املاک سربمہر

ایل ڈی اے کی غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف کارروائی، 142 املاک سربمہر

لاہور میں ایل ڈی اے نے اپنے آپریشن کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے 142 غیرقانونی کمرشل املاک کو سربمہر اور مسمار کر دیا۔

 ایل ڈی اے کے ترجمان کے مطابق، یہ کارروائیاں محکمے کے ڈائریکٹر جنرل طاہر فاروق کی ہدایات پر کی گئیں۔ آپریشن مختلف علاقوں میں کیا گیا، جن میں گلبرگ، جوہر ٹاؤن، علامہ اقبال ٹاؤن، شادمان، گلشن راوی، اور یو بی ڈی کینال روڈ شامل ہیں۔ایل ڈی اے کی ٹیموں نے گلبرگ میں 18، جوہر ٹاؤن میں 57، علامہ اقبال ٹاؤن میں 39، شادمان، گلشن راوی اور یو بی ڈی کینال روڈ کے اطراف میں 28 املاک کو سیل کر دیا۔ ان املاک میں نجی سکول، ریستوران، ہوٹل، گیسٹ ہاؤس، سیلون، فوڈ پوائنٹس، دکانیں، دفاتر، سٹورز اور دیگر کاروباری مقامات شامل ہیں۔

آپریشن سے قبل ایل ڈی اے نے ان املاک کے مالکان کو متعدد نوٹسز بھیجے تھے، لیکن اس کے باوجود یہ املاک غیرقانونی طریقے سے کام کر رہی تھیں۔اس کارروائی کی نگرانی چیف ٹاؤن پلانر اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی نے کی۔ ایل ڈی اے کا کہنا ہے کہ غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔