جمعہ کے موقع پر پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ

جمعہ کے موقع پر پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ

جمعۃ المبارک کے موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے سخت اور فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

 آئی جی پنجاب نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور دیگر عوامی مقامات پر سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حساس مقامات کے اطراف پٹرولنگ میں نمایاں اضافہ کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت اور مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔آئی جی پنجاب نے ڈی پی اوز سمیت تمام سینئر پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ خود فیلڈ میں موجود رہیں اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ افسران کی فیلڈ موجودگی نہ صرف سکیورٹی کو مؤثر بنائے گی بلکہ عوام کے اعتماد میں بھی اضافہ کرے گی۔

ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ نماز جمعہ کے بعد مساجد میں شہریوں سے ملاقات کریں اور ان کے مسائل سنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کا فوری اور مؤثر حل پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط کرے گا۔آئی جی پنجاب کے مطابق سینئر افسران مساجد کے ذریعے عوامی مسائل سے آگاہی حاصل کریں اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات یقینی بنائیں تاکہ صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رہے اور شہری خود کو محفوظ محسوس کریں۔