جمعۃ المبارک پر پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ، آئی جی پنجاب کے اہم احکامات جاری

جمعۃ المبارک پر پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ، آئی جی پنجاب کے اہم احکامات جاری

لاہور: جمعۃ المبارک کے موقع پر آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت صوبے بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

 تمام متعلقہ پولیس افسران کو مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں اور دیگر حساس مقامات پر فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ نماز جمعہ کے اجتماعات کے دوران سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں اور حساس مقامات پر پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔انہوں نے کاروباری مراکز کے اطراف اور اہم شاہراہوں پر پولیس پٹرولنگ بڑھانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ امن و امان کا قیام اور شہریوں کی جان، مال اور املاک کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

آئی جی پنجاب نے ڈی پی اوز سمیت تمام سینئر پولیس افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے اور سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام افسران اپنے علاقوں میں سکیورٹی ڈیوٹی کی نگرانی کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد پولیس افسران مساجد میں شہریوں کے درمیان موجود رہیں، ان کے مسائل سنیں اور مقامی سطح پر مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔