جمعۃ المبارک پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ، آئی جی پنجاب کے اہم احکامات

جمعۃ المبارک پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ، آئی جی پنجاب کے اہم احکامات

لاہور: انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے جمعۃ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

 آئی جی پنجاب نے تمام اضلاع کے پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں اور دیگر حساس مقامات پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔آئی جی پنجاب کی ہدایت پر مساجد، کاروباری مراکز اور اہم شاہراہوں کے اطراف پولیس پٹرولنگ بڑھانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں، جبکہ عبادت گاہوں اور حساس مقامات پر تعینات پولیس اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

عبدالکریم نے کہا کہ امن و امان کا قیام اور شہریوں کی جان، مال اور املاک کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام ڈی پی اوز، سی پی اوز اور سینئر پولیس افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے اور سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد پولیس افسران مساجد میں شہریوں سے ملاقات کریں، ان کے مسائل سنیں اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔