صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں ایک خاتون نے بیک وقت پانچ بچوں کو جنم دے کر سب کو حیران کر دیا۔
یہ منفرد واقعہ صوابی کے باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں پیش آیا، جہاں خاتون کے ہاں ایک بیٹا اور چار بیٹیاں پیدا ہوئیں۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام نومولود بچے قبل از وقت پیدا ہوئے ہیں، جس کے باعث انہیں نوزائیدہ بچوں کے خصوصی وارڈ میں سخت طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی ٹیم بچوں کی صحت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ہسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ زچہ اور بچوں کو جدید طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ ابتدائی طبی معائنے کے مطابق ماں اور تمام بچے اس وقت مستحکم حالت میں ہیں، تاہم قبل از وقت پیدائش کے باعث انہیں مزید نگہداشت اور خصوصی دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔
واقعے کے بعد ہسپتال میں خوشی اور مسرت کی فضا قائم ہو گئی ہے جبکہ لواحقین نے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت اقدامات کو سراہا ہے۔ ہسپتال عملے نے اس کامیاب ڈیلیوری کو ٹیم ورک اور جدید طبی سہولیات کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ایسے پیچیدہ کیسز کے لیے خصوصی سہولیات اور تجربہ کار عملہ پہلے سے تعینات ہوتا ہے تاکہ زچہ اور بچوں کی جان کو ہر ممکن طور پر محفوظ رکھا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کی مکمل صحت یابی تک انہیں طبی نگرانی میں رکھا جائے گا۔