میرپورخاص(آئی این پی )ضلع میرپورخاص میں پیاز کی قیمتیں انتہائی کم سطح پرآنے کے بعد کاشتکار شدید پریشانی کا شکار ہو گئے پیاز کے تاجر 125 کلو وزن والی پیاز کی بوری محض ایک ہزار روپے میں خرید رہے ہیں، جس کے باعث کسانوں کے پیاز کی فصل کاشت کرنے پر کروڑوں روپے کے اخراجات ڈوب گئے ۔کاشتکار ٹھاکر عاصم قائمخانی، رانا اشرف راجپوت، میر منو پتافی، شاہد آرائیں اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلقہ جھڈو اور اس کے گرد و نواح میں ہزاروں ایکڑ رقبے پر پیاز کی فصل کاشت کی گئی ہے سیزن کے آغاز سے ہی کاشتکاروں کا معاشی قتلِ عام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ایکڑ پیاز کی فصل تیار کرنے کے لیے تقریبا دو لاکھ روپے خرچ آتا ہے، مگر اس سال سارا خرچ ضائع ہوگیا ہے اور پیاز کی مناسب قیمت نہ ملنے کے باعث کاشتکار شدید بحران کا شکار ہو چکے ہیں