زرعی ترقیاتی بینک کی دسمبر تک نجکاری:ملازمین پریشانی کا شکار

 متوقع نجکاری کے باعث174ملازمین نے استعفیٰ دیدیا، 7ہزار229 کا مستقبل غیریقینی کا شکار ہوگیا
  اسلام آباد (آئی این پی )حکومت نے زرعی ترقیاتی بینک کی دسمبر تک نجکاری کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق نجکاری کے عمل سے بینک کی کارکردگی متاثر ہورہی ہے، 174ملازمین نے استعفیٰ دے دیا ہے اور متوقع نجکاری کے باعث ادارے کے 7ہزار229ملازمین کا مستقبل غیریقینی کا شکار ہے۔ صارفین اور ڈیفالٹرزسے 58ارب روپے کی وصولی چیلنج بن گئی ہے،بینک کوغیریقینی صورتحال کے باعث قرضوں کی وصولی میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ دستاویز کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق دسمبر2024تک بینک 160ارب سے زائد کے قرضے دے چکا ہے، یہ قرضے 6لاکھ 11ہزار سے زیادہ کسانوں نے حاصل کیے۔بینک کی ملک بھرمیں 501برانچیں ہیں ،2021میں 6ارب کا مجموعی نقصان ہواتھاجو 2024میں 15.34ارب کے منافع میں تبدیل ہوگیا۔ زرعی ترقیاتی بینک میں نئی بھرتیوں کونجکاری کمیشن کی منظوری سے مشروط کر دیا گیا ہے،موجودہ صورتحال میں بینک کا آپریشن اور بزنس بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔