سیکڑوں مکان ڈوب گئے، اوہائیو، آرکنساس، ٹینیسی اور جارجیا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ،ہزاروں پروازیں منسوخ
واشنگٹن(آئی این پی ) امریکہ کی جنوبی اور وسطی ریاستوں میں مسلسل بارشوں اور طوفانی موسم کے بعد خطرناک سیلاب نے تباہی مچادی ، جہاں اب تک دو بچوں سمیت کم از کم 25 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ کئی علاقوں میں دریائوں کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے اور سیکڑوں مکانات پانی میں ڈوب چکے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق کینٹکی سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں بڑے پیمانے پر انخلا، پانی کی قلت، اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے۔ آرکنساس میں ایک پانچ سالہ بچہ اور کینٹکی میں ایک نو سالہ بچہ سکول جاتے ہوئے پانی میں بہہ گیا۔ جارجیا میں باپ اور بیٹے پر درخت گرنے سے جان لیوا حادثہ پیش آیا۔کئی شہروں میں بجلی، پانی اور نکاسی آب کے نظام متاثر ہوئے ہیں۔ فراینکفرٹ اور ہیرڈزبرگ میں پمپ بند ہونے سے پانی کی فراہمی معطل ہو گئی، اور شہریوں سے پانی بچانے کی اپیل کی گئی ہے۔ پروسپیکٹ اور نیو ہیون میں مکانات، سڑکیں اور کھیت مکمل طور پر پانی میں ڈوب چکے ہیں۔ کشتیوں کے ذریعے لوگوں کو محفوظ مقامات تک منتقل کیا جا رہا ہے۔اوہائیو، آرکنساس، ٹینیسی، اور جارجیا میں بھی شدید نقصانات رپورٹ ہوئے ہیں۔ ریاستی گورنرز نے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا اور ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ اٹلانٹا ایئرپورٹ پر ہزاروں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو گئیں۔