ٹرک سے جدید ساخت کا غیر ملکی اسلحہ اور میگزین برآمد، ڈرائیور کیبن میں خفیہ مقام پر اسلحہ چھپایا گیا تھا،سکیورٹی ذرائع
راولپنڈی (آن لائن)پاک افغان سرحد پر سکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے غیر ملکی اسلحے کی بڑی کھیپ پاکستان میں سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 8 جنوری کو پاک افغان سرحد سے متصل غلام خان بارڈر ٹرمینل پر اسلحہ بردار ٹرک قبضے میں لیا تھا جس سے جدید ساخت کا غیر ملکی اسلحہ اور میگزین برآمد کر لیے گئے۔برآمد غیر ملکی اسلحے میں 26 ایم 16 رائفلیں، M16 اور M4 رائفلوں کی 292 میگزین جبکہ 10 ہزار سے زائد گولیاں شامل ہیں۔ کلاشنکوف کی 9 میگزین اور 244 گولیاں بھی شامل ہیں۔ لائٹ مشین گن کی 744 گولیاں اور بڑی تعداد میں لنکرز بھی برآمد ہوئے۔برآمد کیا گیا اسلحہ ٹرک میں ڈرائیور کیبن میں خفیہ مقام پر چھپایا گیا تھا۔ٹرک میں چھپے ہوئے کمپارٹمنٹس بنانا اور سامان کی پیکنگ افغانستان میں ہوئی۔ برآمد شدہ ہتھیار اور گولہ بارود پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال کیے جانے والے تھے۔