شادی کے بارے میں سوچ کر مجھے پینک اٹیک ہونے لگتے تھے:بشریٰ انصاری

شادی کے بارے میں سوچ کر مجھے پینک اٹیک ہونے لگتے تھے:بشریٰ انصاری

اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی اور ہدایت کار و اداکار اقبال حسین کی شادی کے پیچھے چھپی دلچسپ کہانی انکشاف کی ہے۔

دونوں نے نجی پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی اور کیریئر سے متعلق یادگار واقعات شیئر کیے۔بشریٰ انصاری نے بتایا کہ انہیں اقبال حسین کے پروپوزل کے لیے ہامی بھرنے میں تقریباً ڈیڑھ سال کا عرصہ لگا، کیونکہ شادی کا سوچ کر انہیں پینک اٹیک ہونے لگتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ شادی کے حوالے سے فیصلہ لینے میں انہیں بہت زیادہ ہچکچاہٹ ہوئی، مگر آخرکار انہوں نے رشتہ قبول کیا۔اقبال حسین نے اپنی ملاقات کے بارے میں بتایا کہ جب وہ پہلی بار بشریٰ انصاری سے ملے، تو وہ یورپ جانے کی تیاری کر رہے تھے کیونکہ ایک فلم اسکول میں داخلہ مل چکا تھا۔ اس وقت بشریٰ انصاری ایک ڈرامے میں اداکاری کر رہی تھیں، جس کی ہدایت کاری اقبال حسین خود کر رہے تھے۔ وہ اس منصوبہ کو مکمل کرکے بیرون ملک روانہ ہونے کا ارادہ رکھتے تھے۔اقبال حسین نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ اُس دوران بشریٰ انصاری ان کے لیے رشتہ تلاش کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔

 ایک واقعہ سناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک دن بشریٰ انصاری نے گاڑی میں بیٹھے ہوئے بتایا کہ امریکا میں رہنے والی خواتین میں سے کوئی ان سے ملاقات کرنے آ رہی ہیں، اور انہیں چاہیے کہ وہ ان میں سے کسی سے شادی کر لیں۔اقبال حسین نے ہنستے ہوئے کہا کہ انہوں نے جواب دیا کہ وہ اکیلے رہ کر مطمئن ہیں اور شادی کی ضرورت محسوس نہیں کرتے، جس پر بشریٰ انصاری نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ پھر اکیلے رہو، لیکن شادی کر لو۔ آخرکار، اقبال حسین نے یہ پیشکش خود بشریٰ انصاری کو کر دی کہ وہ بھی سنگل ہیں اور کیوں نہ ایک دوسرے سے شادی کر لیں۔چند روز بعد بشریٰ انصاری کی بہن، اسماء عباس، نے اقبال حسین سے رابطہ کیا اور پوچھا کہ کیا وہ واقعی سنجیدہ ہیں یا یہ سب مذاق ہے۔ اقبال حسین نے واضح کیا کہ وہ سنجیدہ ہیں، اور یوں دونوں کی شادی طے پا گئی۔