پاکستان کی معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے سردیوں میں خشک جلد کو نرم، ملائم اور چمکدار رکھنے کے لیے ایک سادہ اور قدرتی نسخے کا انکشاف کیا۔
وہ حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں مہمان کے طور پر شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے جلد کی دیکھ بھال کے حوالے سے اپنی تجربات اور مشورے شیئر کیے۔بشریٰ انصاری نے بتایا کہ بچپن میں انہوں نے یہ نسخہ سنا تھا کہ گلیسرین میں تھوڑا لیموں کا رس اور عرق گلاب ملا کر اس مرکب کو چہرے، ہاتھوں اور گردن پر لگانے سے جلد نرم اور چمکدار رہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نسخہ ماضی کی مشہور اداکاراؤں کے درمیان بھی استعمال ہوتا تھا، جس کی بدولت ان کی جلد بے داغ اور چمکدار نظر آتی تھی۔
اداکارہ نے ایک اور نسخہ بھی شیئر کیا، جو وہ خود تیار کرتی ہیں۔ اس نسخے میں بائیو آئل، ای آئل، ناریل کا تیل، کیسٹر آئل اور گلیسرین شامل ہیں۔ بشریٰ نے کہا کہ ان اجزاء کا روزانہ استعمال جلد کے لیے بہت فائدہ مند ہے کیونکہ یہ قدرتی اور کیمیکلز سے پاک ہیں، اور ان کے استعمال سے جلد کو نقصان نہیں پہنچتا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سردیوں میں جلد کی خشکی کو روکنے کے لیے یہ نسخے بہت مؤثر ہیں، اور ان کے قدرتی اجزاء جلد کی چمک اور نرمی کو برقرار رکھتے ہیں۔