کراچی: ڈیفنس میں ریس لگاتی کار الٹ گئی، فوڈ رائیڈر زخمی، ویڈیو وائرل

کراچی: ڈیفنس میں ریس لگاتی کار الٹ گئی، فوڈ رائیڈر زخمی، ویڈیو وائرل

کراچی میں خیابان اتحاد صبا ٹریفک سگنل پر خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں ایک ڈیلیوری بوائے شدید زخمی ہوگیا۔

اتوار اور پیر کی درمیانی رات کو پیش آنے والے اس واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے، جس میں واضح طور پر دکھایا گیا ہے کہ ایک تیزرفتار گاڑی نے صبا ٹریفک سگنل پر ایک موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے فٹ پاتھ سے ٹکر ماری اور پھر دوسری سڑک پر قلابازی کھاتے ہوئے ایک اور موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی۔حادثے کے نتیجے میں 32 سالہ فرحان ولد گل زمان، جو کہ ہجرت کالونی کا رہائشی اور ایک ڈیلیوری بوائے ہے، شدید زخمی ہوگیا۔ اسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

ایس ایچ او تھانہ ساحل حکمت اللہ کے مطابق، حادثے میں ملوث گاڑی انتہائی تیز رفتار تھی اور پولیس نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ حادثہ کا شکار گاڑی میں سوار دو نوجوان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں، اور وہ ایک سفید رنگ کی ڈبل کابین گاڑی میں سوار تھے۔ پولیس ان کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔