لاہور: لبرٹی گول چکر کے قریب تیز رفتاری اور مبینہ ریس کے باعث خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ریس لگانے والی تیز رفتار گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور آگے جانے والی ایک کار سے جا ٹکرائی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے سڑک پر چلنے والی کار کو شدید نقصان پہنچا اور وہ تقریباً مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ریس لگانے والی گاڑی فٹ پاتھ عبور کرتی ہوئی ایک دیوار سے بھی جا ٹکرائی۔ حادثے کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی۔حادثے میں 6 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں کی حالت سے متعلق مزید معلومات سامنے نہیں آسکیں۔پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ریس لگانے والی گاڑی کو ٹریس کیا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی اور اس کے ڈرائیور کی شناخت کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔