بولان میں پولیس اور ڈاکووں میں مقابلہ، اے ایس آئی شہید ہوگئے

 فائرنگ کے دوران شہید افسر کی شناخت محمد موسی مستوئی کے نام سے ہوئی
کوئٹہ (آئی این پی )بلوچستان کے علاقے بولان میں کمبڑی پل کے قریب پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اے ایس آئی شہید ہو گئے ۔پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے دوران شہید ہونے والے افسر کی شناخت محمد موسی مستوئی کے نام سے ہوئی، جو اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے عہدے پر تعینات تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح ملزمان مبینہ طور پر ڈکیتی کی غرض سے علاقے میں موجود تھے، جن کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی، تاہم ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی جس سے مقابلہ شدت اختیار کر گیا۔واقعے کے بعد ایس ایس پی کچھی معاذالرحمان کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی۔پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ڈاکوں کا تعاقب جاری ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔ایس ایس پی کچھی معاذ الرحمان نے بتایا کہ علاقے میں ڈاکوئوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس کی نفری پہنچی تو ڈاکوئوں کی جانب سے ان پر فائرنگ شروع کر دی گئی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی تاہم ڈاکوں کی گولی لگنے سے پولیس کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر شہید ہو گئے۔