رومانیہ کی اسپورٹس فوٹوگرافر مالینا ماریا گولر 27 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

رومانیہ کی اسپورٹس فوٹوگرافر مالینا ماریا گولر 27 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

رومانیہ سے تعلق رکھنے والی نوجوان اور مقبول اسپورٹس فوٹوگرافر اور فٹبال شائق مالینا ماریا گولر 27 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مالینا کرائے کے ایک اپارٹمنٹ کی ساتویں منزل سے گرنے کے باعث جان سے گئیں، تاہم ان کی موت کی اصل وجہ اور واقعے کے حالات سے متعلق تاحال کسی مستند ادارے کی جانب سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آ سکی۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مالینا کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ حالیہ عرصے میں شدید ذاتی مشکلات کا شکار تھیں۔ ان مشکلات میں ان کے والد کی سنگین علالت کے ساتھ ساتھ خود مالینا کی کینسر کے مرض کے خلاف جدوجہد بھی شامل تھی۔مالینا ماریا گولر کے انتقال کی تصدیق رومانیہ کے فٹبال کلب ایف سی بیہور اورادیہ نے اپنے ایک سرکاری بیان میں کی۔
کلب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ:“ایف سی بیہور اورادیہ مالینا ماریا گولر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہے۔”بیان میں مزید کہا گیا کہ مالینا 2023 اور 2024 کے سیزنز میں کلب کے ساتھ وابستہ رہیں اور انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے کلب کے تاریخی لمحات اور جذبات کو خوبصورتی سے محفوظ کیا۔مالینا ماریا گولر کی ناگہانی موت نے اسپورٹس فوٹوگرافی اور فٹبال سے وابستہ حلقوں میں گہرے رنج و غم کی فضا پیدا کر دی ہے۔