برطانوی باکسنگ لیجنڈ رکی ہیٹن 46 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

برطانوی باکسنگ لیجنڈ رکی ہیٹن 46 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

برطانیہ کے نامور باکسر اور سابق دو ڈویژن ورلڈ چیمپئن رکی ہیٹن 46 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، جس کی تصدیق ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن (WBA) نے کردی۔

’ہٹ مین‘ کے لقب سے مشہور رکی ہیٹن نے اپنے کیریئر میں WBA، IBO اور IBF لائٹ ویلٹر ویٹ ٹائٹلز کے ساتھ ساتھ WBA ویلٹر ویٹ کا عالمی اعزاز بھی جیتا۔ وہ 2012ء میں ریٹائر ہوئے، تاہم رواں سال دبئی میں ایک نمائشی فائٹ کے لیے تیاری کر رہے تھے۔گریٹر مانچسٹر پولیس کے مطابق اتوار کی صبح ہائیڈ کے ایک مکان سے ان کی لاش ملی۔ہیٹن نے اپنے پروفیشنل کیریئر میں 48 میں سے 45 فائٹس جیتیں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ ذہنی دباؤ، شراب نوشی اور منشیات کے باعث مشکلات کا شکار رہے اور کئی بار خودکشی کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا۔

ان کی سب سے یادگار کامیابی 2005ء میں آئی، جب انہوں نے آسٹریلوی باکسر کوستیا زو کو شکست دے کر IBF لائٹ ویلٹر ویٹ ٹائٹل اپنے نام کیا۔رکی ہیٹن کی وفات پر برطانوی باکسر اور سابق چیمپئن عامر خان نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا:"آج ہم نے ناصرف برطانیہ کے عظیم ترین باکسرز میں سے ایک کو کھو دیا بلکہ ایک دوست، رہنما اور فائٹر کو بھی کھو دیا، رکی ہیٹن آپ ہمیشہ ہماری یادوں میں زندہ رہیں گے۔"