آئی ایف بی بی پرو باڈی بلڈر جیسن لو 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
رپورٹس کے مطابق ان کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔ ان کے انتقال کی تصدیق ان کی اہلیہ ایشلے لو نے جمعرات کے روز سوشل میڈیا کے ذریعے کی۔جیسن لو کی اچانک وفات نے باڈی بلڈنگ کی دنیا کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے، جبکہ ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔اطلاعات کے مطابق جیسن لو اپنے گھر کے گیراج میں ٹریننگ کر رہے تھے کہ اچانک بے ہوش ہو کر گر پڑے۔ ان کی اہلیہ ایشلے لو نے ایک جذباتی پیغام میں کہا کہ یہ ان کی زندگی کا سب سے مشکل دن ہے اور الفاظ اس بات کا احاطہ نہیں کر سکتے کہ جیسن ان کے لیے کیا حیثیت رکھتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسن نے انہیں ایک بہتر انسان بنایا اور وہ ایک بہترین باپ بننے والے تھے۔ایشلے لو نے مزید لکھا کہ وہ اس وقت اپنے صحن میں جیسن کی اولمپیا جیکٹ پہنے بیٹھی ہیں اور انہیں محسوس کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، کیونکہ ان کے بغیر دنیا پہلے جیسی نہیں رہی۔
واضح رہے کہ جیسن لو نے تقریباً دس سال قبل باڈی بلڈنگ کے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور وہ 2025 تک باقاعدگی سے مقابلوں میں حصہ لے رہے تھے۔ انہوں نے اپنی موت سے ایک روز قبل بھی سوشل میڈیا پر ٹریننگ ویڈیو شیئر کی تھی۔جیسن لو نے اپنے کیریئر میں متعدد مقابلوں میں ٹاپ تھری پوزیشنز حاصل کیں اور دو مرتبہ مسٹر اولمپیا اسٹیج پر شرکت کی۔ انہوں نے 2018 میں سان انتونیو پرو مقابلہ جیتا، 2019 میں پہلی بار مسٹر اولمپیا میں شرکت کرتے ہوئے 16ویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ 2020 میں نیویارک پرو مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ بعد ازاں وہ شکاگو پرو، اورلینڈو پرو سمیت کئی بڑے مقابلوں میں شریک ہوئے۔