ویب ڈیسک: سابق انگلش فاسٹ بولر کین شٹل ورتھ 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، ان کے انتقال کی خبر پر کرکٹ شائقین اور کھیل سے وابستہ حلقوں میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔
کین شٹل ورتھ نے 1970 سے 1971 کے دوران انگلینڈ کی جانب سے 5 ٹیسٹ اور ایک ون ڈے کھیلا۔ وہ 1970-71 کے دورۂ آسٹریلیا میں انگلینڈ کی مشہور ایشز جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں لنکا شائر اور لیسٹر شائر کی نمائندگی کی، اور اپنے کیریئر میں لنکا شائر کے لیے 484 وکٹیں جبکہ لیسٹر شائر کے لیے 99 وکٹیں حاصل کیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق کین شٹل ورتھ کا انتقال اس ماہ کے آغاز میں ہوا، تاہم گزشتہ ہفتے لنکا شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب نے باضابطہ طور پر ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے تعزیتی بیان جاری کیا۔
دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شٹل ورتھ کو ان کے لمبے رن اپ، سائیڈ آن ایکشن اور شاندار اسپیڈ کے باعث پہچانا جاتا تھا۔ انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انہوں نے 1971 میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کے پہلے میچ میں انگلینڈ کے لیے پہلی وکٹ حاصل کی۔کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ فرسٹ کلاس کرکٹ امپائر بھی رہے۔ 2021 میں انہیں لنکا شائر کے ہال آف فیم میں شامل کیا گیا۔