ویب ڈیسک: دنیا بھر میں اپنی غیر معمولی قوتِ ارادی، فٹنس اور جذبے سے شہرت پانے والے فوجا سنگھ 114 برس کی عمر میں بھارت کے علاقے جالندھر کے قریب ایک ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئے۔
ان کا شمار دنیا کے ان چند افراد میں ہوتا ہے جنہوں نے عمر رسیدہ ہونے کے باوجود عالمی سطح پر کھیل کے میدان میں ناقابلِ یقین کامیابیاں حاصل کیں۔
دنیا کے معمر ترین میراتھون رنر
فوجا سنگھ وہ واحد شخص تھے جنہوں نے 100 برس کی عمر میں میراتھون مکمل کی۔2011ء میں، انہوں نے ٹورنٹو واٹر فرنٹ میراتھون میں 8 گھنٹے 11 منٹ میں دوڑ مکمل کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔اگلے سال 2012ء میں، وہ لندن میراتھون میں شریک ہوئے اور 101 برس کی عمر میں کامیابی سے 7 گھنٹے 49 منٹ میں ریس مکمل کی۔
ریکارڈز کا حامل بزرگ رنر
فوجا سنگھ 90 سال یا اس سے زائد عمر کے زمرے میں دوڑنے والے متعدد عالمی ریکارڈز کے حامل تھے۔ان کے پاسپورٹ پر درج تاریخ پیدائش یکم اپریل 1911ء کے مطابق وہ 114 سال کے تھے۔
89 برس میں دوڑ کا آغاز
فوجا سنگھ کی زندگی کا ایک حیران کن پہلو یہ ہے کہ انہوں نے دوڑنے کا آغاز 89 برس کی عمر میں کیا، جب وہ لندن منتقل ہوئے۔ ان کی زندگی اس بات کی مثال ہے کہ عمر صرف ایک عدد ہے، اگر انسان میں حوصلہ اور ہمت ہو۔
عالمی سطح پر خراجِ تحسین
فوجا سنگھ کو دنیا بھر میں "ٹرمنیٹر" اور "دی ٹربائن ٹوربن" جیسے القابات سے بھی پکارا جاتا رہا۔ وہ کئی بین الاقوامی اشتہاری مہمات کا حصہ بنے اور نوجوانوں کے لیے حوصلے اور عزم کی علامت رہے۔ان کی وفات پر دنیا بھر کے ایتھلیٹس اور شائقین نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور انہیں ایک لیجنڈ اور انسانی ہمت کی زندہ مثال قرار دیا ہے۔