راولپنڈی: لڑکی کے قتل کیس میں جرگہ سربراہ کے بھائی سمیت دو ملزمان گرفتار

راولپنڈی: لڑکی کے قتل کیس میں جرگہ سربراہ کے بھائی سمیت دو ملزمان گرفتار

راولپنڈی کے علاقے پیر ودھائی میں پولیس نے لڑکی کے قتل کیس میں جرگہ سربراہ عصمت اللہ کے بھائی امیر خان کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقدمے میں نامزد اجمل خٹک بھی گرفتار ہو گئے ہیں، جو پہلے سے اشتہاری تھے۔ دونوں ملزمان نے مقتولہ لڑکی کو کشمیر سے اغواء کر کے راولپنڈی لانے اور جرگے میں شامل ہونے میں کردار ادا کیا۔ملزم اجمل خٹک نے اغواء میں استعمال ہونے والی گاڑیاں دیگر ملزمان کو فراہم کیں۔ چند دن قبل بھی مقدمے میں نامزد دو دیگر ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔

اس مقدمے میں مقتولہ کا والد، سسر، خاوند اور بھائی سمیت 12 ملزمان پہلے سے گرفتار ہیں۔ تمام ملزمان پر لڑکی کو جرگے کے حکم اور غیرت کے نام پر قتل کرنے کا الزام ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے لڑکی کو قتل کرنے کے بعد پیر ودھائی قبرستان میں تدفین کی اور قبر کا نشان مٹا دیا۔پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف تھانہ پیر ودھائی میں غیرت کے نام پر قتل کا مقدمہ درج ہے۔