سدرہ عرب قتل کیس: بھائی سمیت 2 اشتہاری ملزمان گرفتار

سدرہ عرب قتل کیس: بھائی سمیت 2 اشتہاری ملزمان گرفتار

راولپنڈی کے علاقے پیر ودھائی میں جرگے کے حکم پر سدرہ عرب کے قتل کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پولیس نے مقتولہ کے بھائی سمیت دو اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے بعد ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ اس مقدمے میں اب تک 10 ملزمان کو گرفتار کر کے جیل بھجوایا جا چکا ہے، جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ سدرہ عرب کو 16 اور 17 جولائی کی درمیانی شب مبینہ طور پر گلا دبا کر قتل کیا گیا۔ قتل کے بعد ملزمان نے واقعے کو چھپانے کی کوشش کرتے ہوئے مقتولہ کی تدفین کر دی اور قبر کے نشانات بھی مٹا دیے تھے۔ پولیس کے مطابق کیس کی تفتیش جاری ہے اور تمام ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔