روس کی وینزویلا کی مکمل حمایت، امریکا کی کارروائیوں پر شدید تشویش

روس کی وینزویلا کی مکمل حمایت، امریکا کی کارروائیوں پر شدید تشویش

روس نے وینزویلا کے لیے مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امریکا کی جانب سے وینزویلا کے تیل بردار جہازوں کے خلاف کارروائیوں پر گہری تشویش رکھتا ہے۔

روسی اور وینزویلا کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں امریکی اقدامات کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔ روس نے وینزویلا کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اقوام متحدہ اور عالمی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا تاکہ ریاستی خودمختاری اور اندرونی معاملات میں مداخلت کی مخالفت کی جا سکے۔وینزویلا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا کے جہازوں پر حملے، غیر قانونی قبضے اور سمندری قزاقی کے اقدامات کھلی جارحیت اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ امریکا نے 16 دسمبر کو پابندی زدہ تیل بردار جہازوں کے لیے ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا، جس کا دعویٰ ہے کہ وینزویلا تیل کی آمدنی غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کر رہا ہے۔

چین نے بھی امریکی اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کسی دوسرے ملک کے جہازوں کو زبردستی قبضے میں لینا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے اور وہ یکطرفہ پابندیوں کے خلاف ہے۔ادھر، وینزویلا اور روس کے تعلقات میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ برینٹ خام تیل اور امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمتوں میں دو فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ماہرین کو تیل کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔