پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ خورئیوف نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران پاکستان کے ثالثی کردار کی ایک بار پھر حمایت کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے روسی سفیر نے کہا کہ ماسکو امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو مثبت سمجھتا ہے۔ ان کے مطابق روس ایسے تمام اقدامات کی حمایت کرے گا جو دونوں فریقین کے تحفظات کو حل کرنے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مددگار ہوں۔انہوں نے زور دیا کہ روس خطے میں امن اور استحکام چاہتا ہے اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کو ہی بہترین راستہ سمجھتا ہے۔پریس کانفرنس کے دوران روسی سفیر نے پاکستانی میڈیا میں سامنے آنے والی ان رپورٹس پر بھی ردعمل دیا جن میں روس کی جانب سے مبینہ بھرتیوں کا ذکر کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان خبروں کی تصدیق نہیں کی جا سکتی کیونکہ میڈیا رپورٹس میں تضاد پایا جاتا ہے، اور متعلقہ شخص نے روسی سفارت خانے میں ویزے کے لیے درخواست بھی نہیں دی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ اس معاملے کی پاکستانی اداروں کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں اور امید ہے کہ جلد حقائق سامنے آ جائیں گے۔یوکرین جنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے روسی سفیر نے کہا کہ پاکستانی میڈیا میں زیادہ تر یوکرین کے نقصانات پر بات کی جاتی ہے جبکہ روس کے نقصانات کم زیر بحث آتے ہیں۔ ان کے مطابق روس اپنے اہداف حاصل کرے گا اور ہر قسم کی صورتحال کے لیے تیار ہے۔