بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہن علیمہ خان نے مذاکرات کے حوالے سے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کے جو بھی لیڈر مذاکرات کی بات کرتا ہے، وہ نہ عمران خان کے ساتھ ہے اور نہ ہی پی ٹی آئی کے ساتھ۔
نجی ٹی وی کے مطابق علیمہ خان نے انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان نے اسٹریٹ موومنٹ کا پیغام خیبر پختونخوا کی قیادت تک پہنچا دیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی 2 روزہ کانفرنس کے اعلامیے سے وہ لاعلم ہیں اور انہیں اس بارے میں کوئی باضابطہ معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے گزشتہ برس 22 نومبر کو پرامن احتجاج کی کال دی تھی، اور ان پر یہ الزام لگایا جا رہا ہے کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام عوام تک پہنچایا۔
رپورٹ کے مطابق علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس بے بنیاد اور بوگس ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے حال ہی میں اپنے ایک پیغام میں کہا کہ وہ قوم کے لیے ہر قربانی دینے اور حتیٰ کہ شہادت قبول کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔علیمہ خان نے یہ بھی بتایا کہ عمران خان کو مجموعی طور پر 11 کتابیں بھجوائی گئی تھیں، جن میں سے 9 کتابیں موصول ہو چکی ہیں، جیسا کہ جج صاحب نے بھی تصدیق کی ہے۔