سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی کے خلاف ان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے جیل کے باہر دعاؤں کے اہتمام کا اعلان کر دیا ہے۔
علیمہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ منگل کو دوپہر ایک بجے اڈیالہ جیل کے باہر سورۂ یٰس ختم کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں تمام شہدا، ناحق قید افراد اور ہر قسم کے ظلم و جبر کا سامنا کرنے والوں کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق عمران خان سے اہلِ خانہ، پارٹی رہنماؤں اور وکلا کی ملاقاتوں پر گزشتہ کچھ عرصے سے سخت پابندیاں عائد ہیں، جسے پی ٹی آئی سیاسی انتقام قرار دیتی ہے۔ پارٹی کا مؤقف ہے کہ ملاقاتوں کی اجازت نہ دینا عمران خان کو تنہا کرنے اور دباؤ میں لانے کی کوشش ہے۔علیمہ خان نے کہا کہ دعاؤں کا یہ اہتمام پرامن اور مذہبی نوعیت کا ہوگا اور کارکنان و ہمدردوں سے اپیل کی کہ وہ پرامن طریقے سے اس میں شرکت کریں تاکہ ظلم کے خلاف آواز بلند کی جا سکے اور ناحق قید افراد کے لیے دعا کی جا سکے۔