کاہنہ میں ڈاکوؤں کی ناکہ بندی، پولیس اہلکار سمیت 11 شہری لٹ گئے

کاہنہ میں ڈاکوؤں کی ناکہ بندی، پولیس اہلکار سمیت 11 شہری لٹ گئے

کاہنہ کے علاقے میں ڈاکوؤں نے رات گئے ناکہ بندی کر کے پولیس ملازم سمیت 11 شہریوں کو لوٹ لیا۔

 یہ واردات اختر آباد کے قریب پیش آئی جہاں مسلح ملزمان نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کر کے آنے جانے والے شہریوں کو روک لیا اور اسلحے کے زور پر موبائل فونز، نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء چھین کر فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق متاثرین میں سپیشل پولیس کے اہلکار وسیم کے علاوہ ارشد، اسلم، احمد علی، وقار، عمران خان، اویس، سمیرا وقار، فیض اور آصف شہباز شامل ہیں۔ ڈاکوؤں نے تمام شہریوں کو یرغمال بنا کر ان سے قیمتی سامان لوٹا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

واقعے کے بعد متاثرہ افراد نے تھانہ کاہنہ میں درخواستیں جمع کرا دی ہیں۔ پولیس نے مقدمات کے اندراج کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکہ بندی اور سرچ آپریشن بھی کیا جا رہا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔