راجن پور میں کچے کے ڈاکوؤں کا پولیس پر حملہ، ایک اہلکار شہید اور دو زخمی

راجن پور میں کچے کے ڈاکوؤں کا پولیس پر حملہ، ایک اہلکار شہید اور دو زخمی

تھانہ بنگلہ اچھا کی حدود میں پٹرولنگ پولیس وین پر کچہ کے ڈاکوؤں نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ایلیٹ پولیس اہلکار ناصر میرانی شہید اور دو اہلکار زخمی ہو گئے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس کی بھاری نفری ڈی پی او راجن پور فاروق امجد کی قیادت میں موقع پر پہنچ گئی اور ڈاکوؤں کو گھیرے میں لیا گیا۔ پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔زخمی اہلکار کانسٹیبل محمود اور ایلیٹ کانسٹیبل ثنا اللہ کو ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے شہید اہلکار ناصر میرانی کو خراج عقیدت پیش کیا اور زخمیوں کے لیے بہترین علاج کی ہدایت دی۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ ڈی پی او راجن پور فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور پنجاب پولیس شہید ناصر میرانی کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کا مکمل خیال رکھے گی۔