خیرپور کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف بڑی کامیابی، 4 انتہائی خطرناک ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے

خیرپور کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف بڑی کامیابی، 4 انتہائی خطرناک ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے

خیرپور کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری مشترکہ آپریشن کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، جہاں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے 4 انتہائی خطرناک ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔

پولیس کے مطابق سرینڈر کرنے والے ڈاکو اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری، قتل، اقدامِ قتل، پولیس مقابلوں اور پولیس اہلکاروں کی شہادت سمیت 50 سے زائد سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے جرائم کی دنیا سے توبہ کرتے ہوئے خود کو قانون کے حوالے کر دیا۔سرینڈر کرنے والے ڈاکوؤں میں عبدالجبار ناریجو، عبدالغفار ناریجو، عطا محمد ناریجو اور عبدالصمد ناریجو شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق برسوں سے کچے کے علاقے میں دہشت پھیلانے والے ان ڈاکوؤں نے اپنے دیگر ساتھیوں کو بھی ہتھیار ڈالنے کا پیغام دے دیا ہے۔ڈی آئی جی سکھر ناصر آفتاب نے کہا ہے کہ کچے کے علاقے میں جاری نجاتِ مہران آپریشن ڈاکوؤں کے مکمل خاتمے اور علاقے میں پائیدار امن و امان کی بحالی تک جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی مجرم کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔