کسی بھی معاشرے کی ترقی کا دارومدار معاشرتی انصاف پر ہوتا :مقررین
لاہور ( کرائم رپورٹر )پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں فوجداری مقدمات کے حوالے سے فرانزک سائنس، میڈیکولیگل، پوسٹ مارٹم اور اسلحہ کے بارے میں معلوماتی و تجزیاتی ٹریننگ پروگرامز کے سلسلے کا ایک اور تربیتی کورس مکمل ہو گیا۔ تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب سے اکیڈمی کے ایڈوائزر و ڈائریکٹر ایڈمن محمد حفیظ اللہ خان نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا دارومدار معاشرتی انصاف پر ہوتا ہے۔ اگر معاشرے میں مؤثر انصاف نہ ہو تو معاشرے پستی و پسماندگی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ یہ امر باعثِ اطمینان ہے کہ ہمارے صوبے کے عوام عدلیہ پر اعتماد کرتے ہیں اور اپنے مسائل و مقدمات کے لئے عدالتوں میں آتے ہیں۔ ہماری زمہ داری ہے کہ ہم عدالتوں میں آنے والے سائلین کے اعتماد پر پورا اتریں اور جلد و معیاری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کے لئے صوبہ بھر کے جوڈیشل افسران کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بہترین و سیرحاصل تربیت فراہم کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں مزید جدت لانے کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ایڈوائزر و ڈائریکٹر ایڈمن نے تربیتی کورس مکمل کرنے والے جوڈیشل افسروں میں اسناد بھی تقسیم کیں۔