غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید17 فلسطینی شہید، ہسپتال خالی کرنے کا حکم

حملے میں حماس کے عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا گیا جو سکول کے اندر کمانڈ سینٹر سے کام کر رہے تھے،اسرائیلی فوج
 غزہ (آئی این پی )غزہ  پٹی میں تازہ اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 17فلسطینی شہید ہوگئے ۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی طبی شعبے کے حکام نے بتایا ہے کہ غزہ شہر میں بے گھر خاندانوں کو پناہ دینے والے موسیٰ بن نصیر سکول میں بچوں سمیت آٹھ افراد شہید ہوئے۔اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ حملے میں حماس کے عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا گیا جو سکول کے اندر موجود کمانڈ سینٹر سے کام کر رہے تھے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کے عسکریت پسند اس جگہ کو اسرائیلی افواج کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل درآمد کے لیے استعمال کرتے تھے۔ غزہ شہر کے طبی حکام نے بتایا کہ ایک کار پر فضائی حملے میں چار فلسطینی شہید ہو گئے۔غزہ کے جنوب میں رفح اور خان یونس میں دو الگ الگ فضائی حملوں میں کم از کم پانچ دیگر فلسطینی مارے گئے۔شمالی غزہ کے قصبے بیت لاہیہ میں کمال عدوان ہسپتال کے ڈائریکٹر حسام ابو صفیہ نے کہا کہ فوج نے عملے کو ہسپتال خالی کرنے اور مریضوں اور زخمیوں کو علاقے کے دوسرے ہسپتال میں منتقل کرنے کا حکم دیا۔