کراچی: اورنگی ٹاؤن تاجر کے قتل کا معمہ حل، 2 اجرتی قاتل گرفتار

کراچی: اورنگی ٹاؤن تاجر کے قتل کا معمہ حل، 2 اجرتی قاتل گرفتار

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں 18 اگست کو محمد نعیم نامی تاجر کے قتل کا کیس حل ہو گیا ہے، پولیس نے دو اجرتی قاتلوں کو پاکستان بازار سے گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کیا گیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ واقعہ کے وقت مقتول محمد نعیم اپنے بیٹے علی کو اسکول چھوڑ کر واپس موٹر سائیکل پر گھر جا رہا تھا کہ دو نامعلوم مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں نعیم جاں بحق ہو گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو جسم پر چار گولیاں لگیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں، اور واقعے کے دوران اس کے ساتھ کوئی چھینا جھپٹی نہیں ہوئی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو موٹر سائیکل پر مقتول کا تعاقب کرتے دیکھا گیا، اور قریب پہنچ کر فائرنگ کی گئی۔ مقتول تین بچوں کا باپ تھا اور واقعے کے وقت اپنا موبائل، شناختی کارڈ اور موٹر سائیکل ساتھ رکھے ہوئے تھے۔ملزمان کی گرفتاری کے بعد تحقیقات مزید آگے بڑھائی جا رہی ہیں تاکہ ممکنہ محرکات اور دیگر شامل افراد کی شناخت کی جا سکے۔