کراچی: اورنگی ٹاؤن کی رہائشی 20 سالہ یسریٰ کو مبینہ اغوا کے ڈیڑھ سال بعد بازیاب کر لیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر ترقی نسواں سندھ شاہینہ شیر علی اور ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی اعجاز الحق نے متاثرہ لڑکی اور اس کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر شاہینہ شیر علی کے مطابق یسریٰ کو ڈیڑھ سال قبل ٹک ٹاک پر تعلق قائم ہونے کے بعد مبینہ طور پر اغوا کیا گیا تھا۔ اغواء کار حمزہ اور اس کی والدہ کی جانب سے مسلسل تشدد کے باعث یسریٰ شدید خوفزدہ رہی۔ متاثرہ لڑکی کے مطابق ملزم نے زبردستی جھوٹا نکاح نامہ بنایا اور اسے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بھی بناتا رہا۔
یسریٰ نے موقع پاکر ڈیڑھ سال بعد اپنے رشتہ دار سے رابطہ کیا اور اپنے ساتھ ہونے والے ظلم کی اطلاع دی۔ فوری کارروائی کے بعد مقامی ایم پی اے اعجاز الحق کی مدد سے لڑکی کو بازیاب کرایا گیا۔ پولیس نے ملزم حمزہ کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔صوبائی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ خاندان کو مکمل قانونی مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین و بچیوں کے ساتھ مظالم کے خلاف سندھ حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔