لاہور کے علاقے رائیونڈ میں معمولی بات پر ہونے والی تلخ کلامی جان لیوا تصادم میں بدل گئی۔
واقعہ پھلوں کی قیمت پر ہوا جس میں ریڑھی بان اور اس کے ساتھیوں نے گاہکوں پر تشدد کیا۔پولیس کے مطابق جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب واجد نامی شہری اور اس کا بھائی ریڑھی بان سے پھل خرید رہے تھے۔ قیمت کے معاملے پر دونوں فریقین میں بحث تیز ہو گئی جس کے بعد ریڑھی بان نے اپنے ساتھیوں کو بلا کر گاہکوں پر حملہ کر دیا۔ تشدد کے دوران لوہے کی راد اور ڈنڈوں کا استعمال کیا گیا۔تشدد سے واجد شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ اس کا بھائی شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں واجد کی موت سر پر لگنے والی شدید ضرب کے باعث ہوئی۔
واقعہ کے بعد ریڑھی بان اور اس کے ساتھی فرار ہو گئے۔ رائیونڈ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ جلد ہی انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔اہلِ علاقہ نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ انتظامیہ کو بازاروں میں جھگڑوں کے سدباب اور سکیورٹی انتظامات بہتر بنانے چاہئیں تاکہ آئندہ اس طرح کے سانحات سے بچا جا سکے۔