لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں کے درمیان جھگڑے کے دوران ایک قیدی جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
جیل ذرائع کے مطابق قیدیوں کے درمیان لنگر کے دوران کچن بند ہونے پر تلخ کلامی ہوئی، جو بعد ازاں جھگڑے اور تصادم میں تبدیل ہوگئی۔ اس دوران اشرف نامی قیدی تیز دھار آلہ لگنے سے زخمی ہوگیا۔اشرف کو فوری طبی امداد کے لیے جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دوران علاج جانبر نہ ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق قیدی تھانہ مانگا منڈی میں درج قتل کے مقدمے میں جیل میں قید تھا۔پولیس کے مطابق جھگڑے میں زخمی ہونے والا دوسرا قیدی فلک شیر جنرل ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ فلک شیر فیکٹری ایریا تھانے میں درج منشیات کے مقدمے میں قید ہے۔واقعے کا سیکرٹری داخلہ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا اور 3 ڈی آئی جیز پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔
کمیٹی میں ڈی آئی جی پریزن لاہور محسن رفیق، ڈی آئی جی پریزن ہیڈکوارٹر شوکت فیروز اور ڈی آئی جی پریزن انسپکشن نوید رؤف شامل ہیں۔ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق انکوائری کمیٹی نے زخمی قیدی اور جیل عملے سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ کمیٹی واقعے کے ذمہ داران کا تعین کرے گی، جبکہ سیکرٹری داخلہ نے زخمی قیدی کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔دوسری جانب آئی جی پریزن میاں سالک جلال اور ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ نے جنرل ہسپتال میں زیر علاج زخمی قیدی کی عیادت کی اور اس کی خیریت دریافت کی۔