لاہور: یکی گیٹ کے علاقے میں ایک موریا پل کے قریب تیز رفتار سرکاری ڈمپر نے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
حادثے کے بعد علاقے میں امدادی اور قانونی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ایدھی ترجمان کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 55 سالہ بلال کے نام سے ہوئی ہے، جو شیخوپورہ کا رہائشی تھا۔ ڈمپر کی ٹکر کے باعث بلال شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔حادثے میں زخمی ہونے والے دوسرے شخص کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں اسے علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور تحقیقاتی اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ قانونی کارروائی شروع کردی۔دوسری جانب ایدھی رضاکاروں نے جاں بحق شخص کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کردی۔