یوٹیوبر رجب بٹ کا ڈکی بھائی کی گرفتاری پر ردعمل، "قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے"

یوٹیوبر رجب بٹ کا ڈکی بھائی کی گرفتاری پر ردعمل،

لاہور: معروف یوٹیوبر رجب بٹ نے اپنے ساتھی یوٹیوبر اور سابق قریبی دوست سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کی گرفتاری پر اپنا ردعمل دیا ہے۔

ڈکی بھائی ان دنوں بیٹنگ ایپ کیس میں گرفتاری کے بعد قانونی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق انہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حراست میں لے کر جسمانی ریمانڈ پر رکھا ہے، اور ان کے خلاف تفتیش جاری ہے۔رجب بٹ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ڈکی بھائی کو کس وجہ سے گرفتار کیا گیا، لیکن سوال یہ ہے کہ قانون سب کے لیے برابر کیوں نہیں؟ ان کے مطابق، "ہم سب نے دیکھا کہ پی ایس ایل کے دوران کھلاڑی بیٹنگ ایپس کے لوگو والی جرسیاں پہنتے رہے اور انہی کمپنیوں کے اشتہارات قومی ٹیلی ویژن پر چلتے رہے۔ پھر صرف یوٹیوبرز کو ہی کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے؟"

انہوں نے الزام لگایا کہ ایجنسیاں صرف "چھوٹی مچھلیوں" کے پیچھے جا رہی ہیں جبکہ اصل بڑے کرداروں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ رجب بٹ نے کہا کہ ہوسکتا ہے سیکڑوں انفلونسرز نے ان ایپس کی تشہیر کی ہو، لیکن گرفتار صرف وہی لوگ کیے جا رہے ہیں جنہیں پکڑنا آسان ہے۔رجب بٹ نے ڈکی بھائی اور ان کے اہل خانہ کے لیے ہمدردی کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ یہ وقت ان کے لیے کڑا امتحان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوستوں کے درمیان اختلافات اپنی جگہ لیکن مشکل وقت میں ڈکی بھائی کے ساتھ کھڑا ہونا انسانی ہمدردی کا تقاضا ہے۔