لاہور: یوٹیوبر ڈکی بھائی (سعد الرحمن) کی اہلیہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانت میں 15 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔
لاہور کی سیشن عدالت میں عروب جتوئی کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس کی صدارت ایڈیشنل سیشن جج نے کی۔ ملزمہ عروب جتوئی اپنے وکیل چوہدری عثمان علی کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔عروب جتوئی کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ این سی سی اے (نیشنل کرائم کنٹرول ایجنسی) کی جانب سے انکوائری کا نوٹس موصول ہوا ہے اور خدشہ ہے کہ کسی بھی وقت گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ درخواست گزار نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ وہ شاملِ تفتیش ہونے کے لیے تیار ہیں، لہٰذا عدالت ان کی عبوری ضمانت منظور کرے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر این سی سی آئی اے سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے عروب جتوئی کی عبوری ضمانت میں 15 ستمبر تک توسیع کر دی۔ ساتھ ہی عدالت نے این سی سی آئی اے کو ملزمہ کی گرفتاری سے بھی روک دیا۔