ایشیا کپ 2025: پاک بھارت میچ پر سب کی نظریں، بھارتی سابق کرکٹر منوج تیواڑی کی شدید مخالفت

ایشیا کپ 2025: پاک بھارت میچ پر سب کی نظریں، بھارتی سابق کرکٹر منوج تیواڑی کی شدید مخالفت

متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ایشیا کپ 2025ء کا آغاز 9 ستمبر سے ہوگا اور شائقین کرکٹ سب سے زیادہ شدت سے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 ستمبر کو ہونے والے ہائی وولٹیج میچ کے منتظر ہیں۔

ٹورنامنٹ کے شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 12 ستمبر کو اومان کے خلاف کھیلے گی جبکہ بھارتی ٹیم 10 ستمبر کو دبئی میں میزبان یو اے ای کے خلاف میدان میں اترے گی۔یاد رہے کہ بھارت میں پاکستان کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا مطالبہ زور پکڑ رہا تھا اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث ایشیا کپ کے انعقاد پر بھی سوالیہ نشان لگ سکتا ہے۔ تاہم، بھارتی وزارتِ کھیل نے حال ہی میں واضح کر دیا ہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف میچ حسبِ شیڈول ہوگا، البتہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ سیریز پر پابندی بدستور برقرار رہے گی۔

اس فیصلے پر سابق بھارتی کرکٹر منوج تیواڑی نے سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا:"انسانی جان کی قیمت صفر ہے۔ مجھے حیرت ہے کہ یہ میچ کھیلا جا رہا ہے۔ پہلگام حملے کے بعد کہا گیا تھا کہ سخت جواب دیا جائے گا مگر چند ماہ بعد ہی سب بھلا دیا گیا۔ کھیل سے بڑھ کر انسانی جان کی اہمیت ہے۔ میرے لیے ناقابلِ یقین ہے کہ یہ میچ ہوگا، اور میں تو بالکل بھی یہ میچ نہیں دیکھوں گا۔"