ایشیا کپ 2025: پاک بھارت میچ براہِ راست دکھانے کیلئے ملک بھر میں بڑی اسکرینز نصب کرنے کا اعلان

ایشیا کپ 2025: پاک بھارت میچ براہِ راست دکھانے کیلئے ملک بھر میں بڑی اسکرینز نصب کرنے کا اعلان

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان اتوار کو ہونے والے سنسنی خیز مقابلے کے لیے شائقین کرکٹ کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا ہے۔

 کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شائقین کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس بڑے میچ کو براہِ راست دکھانے کے لیے بڑی اسکرینز نصب کی جائیں گی۔کراچی میں کیماڑی کے ساحل پر واقع پورٹ گرینڈ میں بھی کرکٹ کے شوقین مداحوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جہاں بڑی اسکرین پر میچ دکھایا جائے گا تاکہ شہری کرکٹ کے اس تاریخی مقابلے سے لطف اندوز ہو سکیں۔مزید برآں، مختلف نجی تعلیمی اداروں اور سماجی مقامات پر بھی بڑی اسکرینز لگانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر شائقین کی خاطر تواضع کے لیے ذائقے دار کھانوں اور مشروبات کا اہتمام بھی ہوگا، جس سے ایونٹ ایک تفریحی میلے کی شکل اختیار کر جائے گا۔ماہرین کرکٹ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ ٹاکرا ایشیا کپ 2025 کے سب سے بڑے مقابلوں میں شمار ہوگا اور توقع ہے کہ دنیا بھر کے لاکھوں شائقین اس میچ کو براہ راست دیکھیں گے۔