آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ 2025 شاندار انداز میں مکمل

آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ 2025 شاندار انداز میں مکمل

آئی ایس پی آر کی جانب سے منعقدہ سمر انٹرن شپ 2025 کا کامیاب اختتام ہو گیا، جو ملک کی سب سے بڑی اور جامع انٹرن شپ پروگرام کے طور پر سامنے آئی۔

تفصیلات کے مطابق یہ انٹرن شپ 6 ہفتوں پر مشتمل تھی، جس میں ملک بھر کے 33 شہروں سے تعلق رکھنے والے 150 سے زائد سرکاری و نجی جامعات و تعلیمی اداروں کے طلبہ نے حصہ لیا۔ شرکاء کی مجموعی تعداد 6500 سے زائد رہی، جو اس پروگرام میں نوجوانوں کی دلچسپی کا واضح ثبوت ہے۔انٹرن شپ میں طلبہ کو نہ صرف عملی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی گئی بلکہ ان کی رہنمائی کے لیے ملک کی نامور شخصیات اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی خصوصی نشستوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔ ان نشستوں میں طلبہ نے قومی سلامتی، دفاعی امور، اور پروفیشنل اسکلز کے حوالے سے براہ راست رہنمائی حاصل کی۔پروگرام کے دوران طلبہ نے مختلف فوجی تنصیبات کے مطالعاتی دورے کیے، جن میں پی ایم اے کاکول، این سی ٹی سی پبی، پاکستان اورڈیننس فیکٹری واہ سمیت کئی اہم ادارے شامل تھے۔

 ان دوروں کے ذریعے طلبہ نے پاک افواج کی آپریشنل تیاریوں اور جدید دفاعی صلاحیتوں کا قریب سے مشاہدہ کیا۔شرکاء طلبہ نے اس تجربے کو انتہائی مفید اور زندگی بدلنے والا قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس انٹرن شپ کے ذریعے نہ صرف انہیں نئی چیزیں سیکھنے کو ملیں بلکہ ان کی سوچ میں بھی مثبت تبدیلی آئی۔انٹرن شپ کے اختتام پر شرکاء کو آئی ایس پی آر کی جانب سے اعزازی سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے، تاکہ ان کی کاوشوں اور شمولیت کو باضابطہ تسلیم کیا جا سکے۔