پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے تحت جاری سمر انٹرنشپ پروگرام 2025 کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔
اس انٹرنشپ میں ملک بھر کی 150 سے زائد یونیورسٹیز اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔
33 شہروں سے 6500 سے زائد طلباء کی شرکت
اس سال انٹرنشپ میں پاکستان کے 33 شہروں سے 6500 سے زائد نوجوانوں نے حصہ لیا ہے۔ طلباء کو نہ صرف عسکری معلومات فراہم کی جا رہی ہیں بلکہ قومی سیکیورٹی، میڈیا امور اور دفاعی حکمت عملی جیسے اہم موضوعات پر بھی سیشنز کروائے جا رہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی خصوصی گفتگو
پروگرام کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے طلباء سے خصوصی خطاب کیا۔انہوں نے نوجوانوں کے جوش و جذبے کو سراہا اور کہا کہ "پاکستان کے نوجوان ہمارا فخر ہیں، یہی نسل ملک کا روشن مستقبل ہے۔ سچائی، استقامت اور حب الوطنی ہمارا اصل ہتھیار ہے۔"
طلباء کا اظہارِ فخر اور عزم
انٹرنشپ میں شریک طلباء نے پاک افواج کے کردار پر اعتماد اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا:"ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے، ہم ان سے جدا نہیں ہو سکتے۔ آپریشن بنیان مرصوص میں بھارت کو منہ توڑ جواب تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔"طلباء نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ "نوجوان نسل کل بھی پاکستان کے ساتھ کھڑی تھی، آج بھی ہے، اور ہمیشہ ساتھ کھڑی رہے گی۔ دشمن کی ناپاک کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔"
آئی ایس پی آر کا وژن اور نوجوانوں کا کردار
آئی ایس پی آر سمر انٹرنشپ کا مقصد نوجوانوں کو قومی دفاع، حب الوطنی، اور جدید میڈیا کے کردار سے روشناس کرانا ہے۔ پروگرام کے ذریعے ملک بھر کے نوجوانوں کو فوجی روایات، قومی سالمیت اور داخلی استحکام کے بارے میں آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔