ایم کیو ایم پاکستان نے بلاول بھٹو کے بیان کو سیاسی منافقت قرار دے دیا

ایم کیو ایم پاکستان نے بلاول بھٹو کے بیان کو سیاسی منافقت قرار دے دیا

اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے سیاسی منافقت قرار دے دیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما زاہد ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ بلاول بھٹو دوسروں کو سیاسی معاملات پر مشورے دینے سے پہلے اپنے والد کو ایوان صدر سے نکالیں، ایک ٹکٹ میں دو مزے نہیں چل سکتے۔زاہد ملک کا کہنا تھا کہ آئینی ترامیم کے موقع پر الحمدللہ کہنے والے بلاول بھٹو ایک سال بعد انا للہ کیوں پڑھ رہے ہیں؟ ان کے مطابق بلاول کا حالیہ بیان کسی سیاسی جماعت کے سربراہ کا نہیں بلکہ مافیا ڈان کی زبان معلوم ہوتا ہے۔ایم کیو ایم رہنما نے الزام عائد کیا کہ بلاول بھٹو نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان کی سیاسی جاگیر چھیننے کی کوشش کی گئی تو خون بہے گا۔

 انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ ایک آئینی اور جمہوری مطالبہ ہے، جسے دھمکیوں کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔زاہد ملک نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کا قیام عوام کی خوشحالی اور انتظامی بہتری کی ضمانت بن سکتا ہے۔ بلاول بھٹو کو سندھ میں 18 سالہ حکمرانی کا حساب دینا چاہیے اور عوام کو درپیش مسائل کا جواب دینا چاہیے۔انہوں نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور اس مقصد کے لیے اپنی سیاسی و جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔