ڈیمز ناگزیر، تمام صوبوں کو مل بیٹھ کر فیصلہ کرنا ہوگا: عظمیٰ بخاری

ڈیمز ناگزیر، تمام صوبوں کو مل بیٹھ کر فیصلہ کرنا ہوگا: عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی معاونت ہر سطح پر جاری ہے اور صوبے بھر میں ریلیف آپریشنز دن رات جاری ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس میں عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ ہیلپ لائن کے ذریعے ریسکیو آپریشنز میں فوری ردعمل دیا جا رہا ہے، جس میں 30 افراد کو محفوظ نکالا گیا اور بہاولپور میں دو بچے پانی سے بچا لیے گئے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک پارٹی کو پروا نہیں کہ پنجاب میں لوگ متاثر ہو رہے ہیں، اور یہ عوام دیکھ رہے ہیں کہ کون کام کر رہا ہے اور کون فساد پھیلا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 20 اسکولوں میں سرکاری ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جن میں جنریٹرز بھی فراہم کیے گئے ہیں تاکہ بجلی کا مسئلہ نہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 41 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، 3,245 موضع جات متاثر ہوئے ہیں، اور ساڑھے 24 لاکھ لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 7 لاکھ 8 ہزار سے زائد مویشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔عظمیٰ بخاری نے خبردار کیا کہ بھارت کا باکڑہ ڈیم 95 فیصد بھر چکا ہے اور اگر پانی چھوڑا گیا تو پنجاب میں شدید صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، اس لیے تمام صوبوں کو ڈیم کے معاملے پر مشترکہ فیصلہ کرنا ہوگا۔