محسن نقوی اور چودھری شجاعت کی ملاقات، نئے صوبوں کے قیام اور انتظامی اختیارات پر اہم گفتگو

محسن نقوی اور چودھری شجاعت کی ملاقات، نئے صوبوں کے قیام اور انتظامی اختیارات پر اہم گفتگو

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان، حکومتی اقدامات اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی، انتظامی ڈھانچے میں بہتری اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے ملکی حالات اور عوامی مفاد سے جڑے مختلف معاملات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس موقع پر مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام محض انتظامی معاملہ نہیں بلکہ براہِ راست عوامی سہولت، بہتر طرز حکمرانی، انتظامی کارکردگی اور ملک کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتظامی یونٹس کو مضبوط اور بااختیار بنانا بھی ایک مؤثر راستہ ہو سکتا ہے۔ پاکستان کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز عام لوگ ہیں اور عوامی مفادات کو ہر فیصلے میں بنیادی اہمیت دینی چاہیے۔چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ آج درست سمت میں قدم نہ اٹھایا گیا تو کل معاف نہیں کرے گا۔ ملک کے مستقبل کے حوالے سے ایسے فیصلے کرنے کی ضرورت ہے جن کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کی منشا کے مطابق تمام فیصلے کرنا وقت کا اولین تقاضا ہے۔ حکومتی پالیسیوں اور اقدامات میں عوامی خواہشات اور ضروریات کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ملاقات کے دوران محسن نقوی نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں انسداد دہشت گردی اور قیام امن کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی چودھری شجاعت حسین کو آگاہ کیا۔ انہوں نے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے حکومتی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین اور صوبائی وزیر صنعت چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔